مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات کے چودہ ہفتے بعد جمعرات کو ملک میں قومی و صوبائی اسمبلی کے اکتالیس حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ان 41 میں سے 15 حلقے قومی اسمبلی جبکہ 26 مختلف صوبائی اسمبلیوں کے ہیں۔ ان میں سے کچھ نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے الیکشن نہیں ہو سکا تھا جبکہ کچھ ایک سے زیادہ حلقوں سے الیکشن جیتنے والے امیدواروں نے خالی کی تھیں۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے کل 7606 پولنگ سٹیشنوں میں سے 1840 انتہائی حساس اور 2686 حساس قرار دیے گئے ہیں اور وہاں فوج تعینات کر دی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 8 سے 10 ہزار فوجی ان انتخابات میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے پہلی بار پولنگ مراکز پر تعینات فوج کے متعلقہ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی ہے اور یہ بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہےگی۔
آپ کا تبصرہ